ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جنوبی کینرا کے حساس علاقوں میں مذہبی جلوس نکالنے کے لئے دس لاکھ روپیوں کا بانڈ دینا ضروری

جنوبی کینرا کے حساس علاقوں میں مذہبی جلوس نکالنے کے لئے دس لاکھ روپیوں کا بانڈ دینا ضروری

Tue, 06 Sep 2016 11:18:09    S.O. News Service

مینگلور6/ستمبر(ایس او نیوز) جنوبی کینرا کے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر گلاب راؤ بورسے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا ہے کہ کچھ دن پہلے پولیس نے مذہبی جلوس نکالنے والے منتظمین کے لئے دس لاکھ روپوں کا بانڈ دینے کی جو شرط عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس کا اطلاق اس باربعض حساس علاقوں میں گنیش کا جلوس نکالنے والوں پر ہوگا۔

 مسٹر بورسے کے مطابق پورے ضلع میں ہر ایک مقام پر نظر رکھنا اور تحفظ فراہم کرنا تنہا پولیس کے لئے ممکن نہیں ہوتا۔ اس لئے عوام کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ضروری ہے۔ اسی مقصد سے جلسے جلوس کا اہتمام کرنے والے منتظمین پر اس طرح کی شرط لاگو کی جارہی ہے، تاکہ ایسے پروگراموں کو امن و امان کے ساتھ منعقدکرنے میں وہ پوری دلچسپی لیں اور پوری طرح محتاط رہیں۔

خیال رہے کہ جب سے اس طرح کی شرط کا اعلان ہوا ہے بعض حلقوں اور خاص کر بی جے پی اور سنگھ پریوار کی طرف سے اس کی مخالفت ہورہی ہے۔ مگر پولیس کا کہنا ہے کہ اس شرط کو کوئی اور معنے اور مطلب دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ بس یہ صرف جلوسوں کے منتظمین کو ان کی اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے پابند کرنے کی ایک کوشش ہے۔مسٹر بورسے نے کہا کہ 98%گینش کے جلوس جہاں پرامن طریقے سے نکالے جاتے ہیں، ایسے مقامات پر بانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ البتہ بہت ہی حساس علاقوں میں اس شرط کا اطلاق ضرورکیا جائے گا۔

 ضلع ایس پی نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ بقر عید کے دن بھی قریب آگئے ہیں۔ اس دوران کسی کو بھی جانوروں کی گاڑیوں کو روکنے اور قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ ایسا کرنے کے والوں سے سختی کے ساتھ نپٹاجائے گا۔ جس کسی کوبھی غیر قانونی طور پر جانوروں کی سپلائی کے بارے میں معلوما ت ہو، اسے چاہیے کہ وہ قانون کے رکھوالوں کو اس کی خبر کردے۔اس سے ہٹ کر خود قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کرے۔

اس موقع پراے ایس پی مسٹر سی بی رشونتھ اور ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر مہیش پرساد حاضر تھے۔
 


Share: